کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مساجد میں نمازوں کی ادائیگی پر عائد کی گئی پابندی کو برقرار رکھنے کا اعلان
سعودی عرب کے بعد ایک اور عرب اسلامی ملک نے رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح پر پابندی عائد کر دی، کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مساجد میں نمازوں کی ادائیگی پر عائد کی گئی پابندی کو برقرار رکھنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق اردن کی حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے رمضان المبارک کے دوران میں بھی مساجد میں نمازوں کی ادائیگی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اردنی حکومت کے ترجمان امجد عدیلہ نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمرالرزاز نے لاک ڈائون اور مساجد میں نمازوں کی ادائیگی پر پابندی کا فیصلہ کرونا وائرس کی وبا کے تعلق سے ہونے والی پیش رفت اور سفارشات کی روشنی میں کیا ہے۔ اس سے قبل کرونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب کی مساجد میں نماز تراویح کی ادائیگی پر پابندی کا اعلان کیا گیا تھا سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اس سال رمضان المبارک کے دوران سعودی عرب کی مساجد میں نماز تراویح کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ لوگوں کو نماز تراویح گھروں میں ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ جبکہ یہاں واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے بیشتر اسلامی ممالک میں مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد ہے۔
0 Comments